نئی دہلی، 3 ؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )یکساں سول کوڈ پر صلاح ومشورہ کے عمل کو شروع کرنے کے لیے لاء کمیشن کی تنقید کرتے ہوئے جے ڈی یو لیڈر شرد یادو نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ کمیشن اپنے دائرہ اختیار سے باہر جا رہا ہے ،کیونکہ آئین کے مطابق، ایسا قدم تبھی اٹھایا جا سکتا ہے جب اس معاملے پر اتفاق رائے ہو۔ایوان بالا میں ضابطہ 267کے تحت دئیے گئے نوٹس کے ذریعے اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے شرد یادو نے کہا کہ آئین میں مذہبی آزادی کی ضمانت ہے اور ہر شہری کو اس کی روایات اور مذہب پر عمل کرنے کی اجازت ہے۔انہوں نے کہا کہ لاء کمیشن نے ان کی پارٹی کو، بہار حکومت کو اور دیگر کو خط لکھ کر یکساں سول کوڈ پر ان کی رائے جاننا چاہا ہے۔جے ڈی یو لیڈر نے کہا کہ آئین کے مطابق، یکساں سول کوڈ کی طرف تب ہی بڑھا جا سکتا ہے جب اس کے بارے میں اتفاق رائے پیداہوجائے ۔یادو نے کہا کہ لاء کمیشن اپنے دائرہ اختیار سے باہر جا رہا ہے اور یکساں سول کوڈ پر اس طرح کے صلاح ومشور کا عمل شروع کرنے سے پہلے تمام فریقوں سے بات چیت کر کے ان کی رضامندی لی جانی چاہیے ۔